حریت رہنمائوں اور تنظیموں کا13جولائی 1931ء کے شہداء کوشاندار خراج عقیدت

سرینگر 13جولائی ( )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے 13 جولائی 1931کے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔
حریت رہنماء غلام محمد خان سوپوری نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں13جولائی 1931کے شہدا کو شاندار  خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد طویل عرصے سے مسلسل جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ1931کے شہدا ء کی قربانیاںجاری جدوجہدآزادی کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔خان سوپوری نے کہا کہ شخصی راج سے آزادی حاصل کرنے کیلئے پوری کشمیری قوم 13 جولائی کے شہدا کی مرہون منت ہے جنہوں نے ڈوگرہ راج کے خلاف علم بغاوت بلند کرکے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور موجودہ جدوجہد 13جولائی 1931کے شہدا کی تاریخ کا تسلسل ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں13جولائی 1931ء کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس دن کو جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل قرار دیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس دن پہلی بار کشمیریوں نے اجتماعی طور پر جابرانہ شخصی راج کے خلاف شدید مزاحمت کرتے ہوئے اپنے جذبات کے اظہار کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ کشمیری عوام آج اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے غاصبانہ تسلط اور ظلم و جبر سے آزادی تک اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام آج بھی اپنے حق خود ارادیت کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں اور ان قربانیوں کو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد اور جعلی مقابلو ں کے دوران ماورائے عدالت شہید کررہی ہے اور غیر قانونی طور پر چھاپوں کے دوران نوجوانوں اور بزرگوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کیاجارہا ہے۔ مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈاراور جموںوکشمیر فریڈم فرنٹ کے چیئرمین سید بشیر اندرابی اور تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں 13جولائی کے شہدار کو شاندرا خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوںنے ڈوگرہ حکمران کے جبری تسلط سے اپنے مادر وطن کی آزادی کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام نے جموںوکشمیر کی آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جموںوکشمیر کی بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا۔تحریک استقلال جموںو کشمیر کے وائس چیئرمین مشتاق احمد بٹ اور جنرل سکریٹری عبد الحمید اور سٹوڈنٹس اینڈ فورم نے اپنے بیانات میں 13 جولائی 1931کے شہدا کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ظلم و جبر کے خلاف 13 جولائی 1931کا خونین واقعہ کشمیر کے مسلمانوں کی طویل تحریک آزادی میں فکر و نظر کے اعتبار سے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ 22 شہدا نے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کر کے یہ ثابت کر دیا کہ انقلاب کا آغاز شہیدوں کے خون سے ہی ہوتا ہے۔