نسیم شاہ اور مجھ میں وسیم، وقار جیسی رقابت ہے، شاہین آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کےنوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ نسیم شاہ اور ان کے درمیان زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کے لیےایک مثبت رقابت رہتی ہے جو ٹیم اور بولر دونوں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیےاہمیت کی حامل ہے۔

شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ اگر وہ میچ میں زیادہ وکٹیں لیتے ہیں تو نسیم شاہ بھی چاہتے ہیں وہ بھی وکٹیں لیں، سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں ایسا ہی ہوا پہلی اننگز میں انہوں نے اور دوسری اننگز میں نسیم شاہ نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

19 سالہ فاسٹ بولر نے انکشاف کیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں تو نسیم شاہ مایوس ہوگئے، انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کو میچ کی دوسری اننگز میں 5 وکٹیں لے کر ہی تسلی ہوئی۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ راولپنڈی کا کراؤڈ ہمیشہ پرجوش ہوتا ہے، یہاں آخری ٹیسٹ میچ کے دوران تماشائیوں کا شور اتنا زیادہ تھا کہ لگا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل رہے ہیں۔

لیف آرم فاسٹ بولر نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کرنا ان کے ٹیسٹ کیرئیر کا یادگار لمحہ تھااور وہ بنگلہ دیش کے خلاف بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

شاہین شاہ آفریدی اب تک 7 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں، جن میں 29 اعشاریہ 88 کی اوسط سے مجموعی طور پر 25 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

ٹیسٹ میچ کی کسی ایک اننگز میں اُن کی بہتری بولنگ 77رنز کے عوض 5 وکٹ ہے، جبکہ کسی بھی ٹیسٹ میں اُن کی بہترین بولنگ 128رنز دے کر  6 وکٹیں ہیں۔