نوجوان کادوران حراست قتل،کشمیرہائی کورٹ کا قابض انتظامیہ کو نوٹس جاری مقبوضہ جموںوکشمیر میں ہائی کورٹ کی 12مئی تک اپنا جواب پیش کرنے کی ہدایت

سرینگر : مقبوضہ جموںوکشمیر میں ہائی کورٹ نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپورمیںایک خاندان کی طرف سے گزشتہ سال ستمبر میں اپنے بیٹے کے دوران حراست قتل کے مقدمے کے اندراج اور اس واقعے کی انکوائری رپورٹ کی نقل حاصل کرنے کیلئے دائر درخواست پر قابض انتظامیہ نوٹس جاری کر دیے ہیں۔  کے پی آئی  کے مطابق جسٹس علی محمد ماگرے پر مشتمل ہائی کورٹ کے بنچ نے قابض انتظامیہ کو اس سلسلے میں 12مئی تک اپنا جواب پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اہل خانہ کے مطابق انکے بیٹے عرفان احمد ڈار کو بھارتی فوجیوںنے گزشتہ سال 15 ستمبر کواس کی دکان سے گرفتار کیاتھا اور حراست کے دوران اسے بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث وہ شہید ہو گیا اور اس کی میت اگلے دن اینٹوں کے بھٹے کے قریب سے ملی تھی ۔ لواحقین کے مطابق عرفان کے سینے ، سر اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے ۔ لواحقین نے عدالت سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بارہمولہ کے حکم پر کی گئی عرفان کے قتل کی انکوائری رپورٹ کی نقل طلب کرنے کے علاوہ عرفان کے دورا ن حراست قتل کی ایف آئی آر درج کرانے کی درخواست کی ہے ۔