
عالمی برادری کشمیریوں کو بھارتی جبر واستبداد سے بچانے کے لیے کردار ادا کرے، جاوید میر
سرینگر : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں حریت رہنما جاوید احمد میر نے بھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی فورسز کے جبر واستبداد سے بچانے کے لیے کردار ادا کریں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جاوید احمد میر نے سرینگر کے علاقے حضرت بل حبک میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے پورے مقبوضہ کشمیر میں محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ا نہوں نے کہا کہ کشمیرایک نوکلیائی فلش پوائنٹ ہے جس کی ایک چنگاری پوری دنیا کے امن کو تباہ کر سکتی ہے۔
جاوید احمد میر نے کہاکہ کٹرول لائن کی صورتحال بھی روز بہ روز بدتر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے اس ساری صورتحال پر ایک مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو انتہا ئی افسوسناک ہے۔ جاوید احمد میر نے ہندواڑہ قتل عام کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے قتل عام کے شہداسمیت تمام شہدائے کشمیرکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ بھارتی فوجیوں نے یکم اکتوبر 1990کو ضلع کپواڑہ کے قصبے ہندواڑہ میں فائرنگ کر کے 27کشمیریوں کو شہید کردیا تھا جبکہ قصبے کاپورا بازار نذر آتش کر دیا تھا۔