آزادکشمیر اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک کروڑ تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، سردار مسعود خان

برطانیہ، یورپ اور امریکہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے اپنے اپنے ممالک کی سیاست، معیشت اور کاروباری شعبوں میں جواثرو نفوذ پیدا کیا اُس پر ہمیں فخر ہے، صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک کروڑ تارکین وطن مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ برطانیہ، یورپ اور امریکہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے اپنے اپنے ممالک کی سیاست، معیشت اور کاروباری شعبوں میں جواثرو نفوذ پیدا کیا اُس پر ہمیں فخر ہے۔یہ بات انہوں ای یو پاکستان فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں، بھارتی فوج کے بے گناہ اور نہتے شہریوں پر مظالم اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر جو آگاہی پیدا کی اُس کے نتیجے میں اب مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں سمجھنے لگی ہے اور عوام اور سو ل سوسائٹی کی سطح پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے لئے ہم تہہ دل سے تارکین وطن کے شکر گزار ہیں۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ گزشتہ سال پانچ اگست کے بھارتی اقدامات کے بعد دنیا بھر میں خاص طور پر برطانیہ اور یورپ میں جلسے، جلوس، سیمینارز اور ارکان پارلیمنٹ تک رسائی حاصل کر کے غیر قانونی بھارتی اقدامات کے خلاف جو فضا تیار کی گئی اُسے لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یہ توقع رکھتے ہیں کہ بیرون ملک آباد کشمیری اس حوالے سے اپنی سرگرمیوں کو مزید تیز کر کے کشمیر کے بارے میں جھوٹے بھارتی بیانیے کو مزید بے نقاب کریں گے۔صدر سردار مسعود خان نے یورپین یونین پاکستان فیڈریشن کے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے تنظیم کے چیئرمین سے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کی تحریک حق خودارادیت کو شہری، آزادیوں کی بین الاقوامی تحریک میں بدل دیں تاکہ اقوام متحدہ اور اس کی سلامتی کونسل پر دبائو بڑہا کر اسے اپنی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر حل کرنے پر مجبور کیا جائے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ای یو پاک فیڈریشن کے چیئرمین نے صدر سردار مسعود خان کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پرکی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی کوششوں سے دنیا میں خاص طور پر یورپین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے رائے عامہ ہموار کرنے میں بہت مدد ملی ہے۔ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے صدر آزادکشمیر کو یورپین پارلیمنٹ میں پارلیمانی رہنمائوں سے ملاقاتوں اور مختلف اجلاسوں اور سیمینارز سے خطاب کرنے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔