ڈومیسائل کے اجرا کے عمل کو تیز کرنے کیلئے ڈومیسائل قانون کا نوٹیفیکیشن جاری ، اب تک 14لاکھ سے زائد غیر کشمیریوںکو ڈومیسائل سرٹیفیکیٹس جاری کئے گئے ہیں

سرینگر ۔  غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں مودی کی زیرقیادت بھارت کی فسطائی حکومت نے غیر کشمیریوںکو جموںوکشمیر کے ڈومیسائل کے اجرا کا عمل مزیدتیز کرنے کیلئے نام نہاد جموںوکشمیر گرانٹ آف ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ (پرسیجر ) رول 2020کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یہ قانون سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لئے ایک آسان اورمقررہ مدت میں اجرا کا طریقہ فراہم کرتا ہے تاکہ مقبوضہ علاقے میں آباد ی کے تناسب کو دنوں میں نہیں تو کم از کم مہینوں میں ضرور تبدیل کیا جاسکے ۔بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ قوانین میں یہ شق بھی موجود ہے کہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے درخواستیں دستی یا آن لائن بھی جمع کرائی جاسکتی ہیںاور مجاز اتھارٹی الیکٹرانک طور پربھی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرسکتی ہے۔

اس عمل کو مزید آسان بنانے اور کم سے کم وقت میں ڈومیسائل کے اجراء کو یقینی بنانے کیلئے بھارتی حکومت نے رواں سال 25 اگست کو ایک نوٹیفیکیشن ایس او 263 جاری کیا تھا جس کے تحت مجاز حکام شق 1اے اور 4اے کے تحت درخواست جمع ہونے کے بعد سے 5دنوںمیں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا پابند ہے۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 14لاکھ 30ہزار سے زائد ڈومیسائل جاری کئے گئے ہیں جبکہ اس سلسلے میں 18لاکھ91ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔