بھارت کشمیریوں کے جائز مطالبے کو دبانے کے لیے انہیں شہید کر رہا ہے: حریت کانفرنس

سرینگر07مئی(کے پی این) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بھارت حق خودارادیت کے جائز سیاسی مطالبے کو دبانے کے لیے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو بے دردی سے شہید کر رہا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شمالی کشمیر میں گزشتہ چند دنوں سے جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہدا ء کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت ایک ایسی جنگ لڑ رہا ہے جسے وہ کبھی جیت نہیں سکتا کیونکہ کشمیری ہر قیمت پر اس کے تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اوربھارت کومجبورکرے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر کو حل کرے۔
دریں اثناء جموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ نے بھارتی فوج کی تازہ ریاستی دہشت گردی اور پونچھ اورراجوری اضلاع کے حریت پسندوں کے گھروں پر چھاپوں اورمکینوں کو ہراساں کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ پارٹی ترجمان عمر مغل نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت ان اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ جموںو کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کی دبانہیںسکتا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج خطہ پیر پنجال میں ایک بار پھر 1965کی طرح کشمیریوں کو ہجرت کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک بھارت کا آخری فوجی بھی ہماری سرزمین سے نکل نہیں جاتا، ہم ہرمحاذ پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔