ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

آزادکشمیر ، سوات،  جہانیاں، لودھراں، لیہ  اور بہاولنگر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار  ہوگیا۔

گزشتہ روز  راولپنڈی، اسلام آباد، مردان، بنوں اور ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بادل جم کر برسے،  دوسری جانب بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش سے سیلابی صورتِ حال دیکھنے میں آئی۔

بارش سے ژوب کے ضلع بارکھان میں عيشانی باڈیانی ڈیم اوور فلو ہوگیا جبکہ ڈيرہ بگٹی اور موسیٰ خیل کے بعض علاقے زیرِآب آگئے، سوناری پُل بہہ جانے سے کوہلو ،کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی  شاہراہ بند ہوگئی۔

محکمہ موسمیات نے آج آسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا،  شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔