مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کو کیمپوں کے قیام کیلئے 524کنال اراضی دیدی گئی

سرینگر ( ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ نے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کو بٹالین کیمپوں کے قیام کے لیے 500 کنال سے زائد اراضی کی منتقلی کی منظوری دی ہے۔ مقبوضہ علاقے کے محکمہ اطلاعات کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں انتظامی کونسل نے سرینگر میں ایک اجلاس میں سی آر پی ایف کو ارضی فراہم کرنے کی محکمہ ریونیو کی تجویز کو منظوری دی ۔ یہ زمین کل 524 کنال 11 مرلہ ہے جو اسلام آباد، شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں ہے۔انتظامی کونسل نے ضلع پلوامہ کے علاقے لتر میں سب ڈویڑنل پولیس آفس اور تھانے کی تعمیر کے لیے محکمہ پولیس کو 20 کنال اراضی کی منتقلی کی بھی منظوری دی۔انتظامی کونسل نے کشمیری پنڈت ملازمین کے لیے رہائش گاہوں کی تعمیر کے لیے کپواڑہ، بارہمولہ اور بڈگام اضلاع میں تقریبا 122 کنال اراضی منتقل کرنے کی محکمہ محصولات کی تجویز کی بھی منظوری دے دی ہے