گرفتار کشمیری فوٹوجرنلسٹ نئی دہلی منتقل

سرینگر( ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے)نے ایک فری لائنسس صحافی اور ان کے بھائی کو سری نگر سے گرفتاری کے بعد نئی دہلی منتقل کر دیا ہے۔  صحافی منان گلزار ڈارکو 10 اکتوبر کو ایک جھوٹے مقدمے کے سلسلے میں سرینگر کے بٹہ مالو تھانے طلب کیا گیا تھاجہاں انہیں حراست میں لیا گیا۔ گرفتار صحافی کے والد گلزار احمد ڈار نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پولیس نے انکے بیٹے سے تقریبا پندرہ دن سری نگر میں تفتیش کی جس کے بعد این آئی اے افسران اسے اب نئی دہلی لے گئے ہیں۔ گلزار احمد جو ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم ہیںنے کہا کہ این آئی اے نے اس ماہ کے شروع میں منان کے بھائی حنان گلزار ڈار کو بھی گرفتار کیا تھا جو ایک کالج کا طالب علم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منان پر بھی جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔