پاکستان نے کلبھوشن سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کردیا

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے روایتی اور گمراہ کن حربوں سے باز آئے اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق عملی اقدامات اٹھائے۔ دفتر خارجہ کے مطابق سفارتی رابطوں میں بھارتی ہائی کمیشن نے خود ہی وکیل کو ہدایت دینے سے انکار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے ریاستی وکیل تقرر کرکے کارروائی شروع کی لیکن بھارتی ہائی کمیشن نے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر خود ہی اُسے ہدایت دینے سے انکار کردیا۔دراصل کلبھوشن یادیو کے ایشو پر بھارتی ہائی کمیشن اپنے قانونی قونصل پر معاملہ ڈال کر فرار چاہتا ہے۔ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کلبھوشن کو پہلے ہی 2 بار قونصل رسائی فراہم کرچکا ہے جبکہ تیسری قونصل رسائی کی پیشکش ابھی باقی ہے۔

دفترخارجہ کے مطابق سفارتی رابطوں کے دوران اٹارنی جنرل نے زیرحراست بھارتی شہری اسماعیل کا معاملہ بھی پیش کیا۔ترجمان کے مطابق کلبھوشن یادیو اور قیدی محمد اسماعیل کے معاملات جدا ہیں، قیدی اسماعیل کے معاملے کا حوالہ اس مقصد کے لئے تھا کہ بھارتی اپوزیشن کے تضاد کو ظاہر کیا جاسکے۔