ترجمان دفترخارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت اسلحے اور فوجی سازوسامان میں اضافہ کرکے خطے میں عدم توازن پیداکررہاہے ۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہاکہ بھارتی اقدامات خطے کے امن و استحکام کو خراب کررہے ہیں ۔ عالمی برادری اس کا نوٹس لے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات خطے کے امن واستحکام میں معاون ہیں ۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان افغانوں کے درمیان طے پانے والے حالیہ معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امید ہے تمام فریق اس پر قائم رہیں گے اور افغانستان میں قیام امن کے لئے راہ ہموار ہوگی ۔ زاہد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کو فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی جانب نئی بستیوں کے منصوبے پر سخت تشویش ہے ۔ اسرائیل کے اقدامات غیرقانونی اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں ۔
زاہد حفیظ نے کہاکہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں ۔ عالمی برادری بھارت کو جنگی جرائم کے لئے کٹہرے میں لانے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں ۔ انہوں نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی طرف سے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزئیرپر کارروائی کرے ۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون پر مبنی قریبی تعلقات ہیں ۔ پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان ایرانی سائنسدان محسن فخری زادے کے سیاسی قتل کی مذمت کرتاہے ۔