
بھارتی فوج نے یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریبات کے لئے جبری طورپر مدرسوں کو استعمال کیا
سرینگر27جنوری : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے 26 جنوری کویوم جمہوریہ کی سرکاری تقریبات کے لئے جبری طورپر مدرسوں کو استعمال کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں نے اس دن مکمل ہڑتال کی اوربھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پرمنایا اور دنیا کو ایک واضح اوردوٹوک پیغام بھیجا کہ وہ اپنی سرزمین پر بھارت کے جبری اور غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔مقامی لوگوں نے صحافیوں کو بتایا کہ بھارتی فوجیوں اور انٹلی جنس ایجنسیوں نے لوگوں کو خاص طور پر جنوبی کشمیر میں مدرسوں کی انتظامیہ کو سرکاری تقریبات میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ بھارتی فوج نے ضلع شوپیان کے جامعہ سراج العلوم میں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقادکیا۔ انہوں نے کہا جامعہ نے پہلے ہی سردیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا اس لئے آجکل نہ تو عملہ اور نہ ہی طلباءوہاں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعہ کی انتظامیہ کا اس تقریب سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔بھارتی فوج کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 26 جنوری کو بھارتی فوج نے سرکاری تقریب میں علاقے کا نمبردار (گاو ¿ں کا نمائندہ) اور سرکاری اسکول کے کچھ طلباءکو سراج العلوم میں جمع کیا تھا۔ جامعہ کے سربراہ نے کہا کہ ادارے کی انتظامیہ کا اس پروگرام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔