بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کے خلاف ظلم کی انتہا کر دی: اے پی ایچ سی

سرینگر 04 دسمبر:  مقبوضہ جموں و کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) نے کہا ہے کہ بھارت نے اس خطے میں اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے اسلام اور کشمیر مخالف اقدامات مسلط کرنے کا عمل تیز کردیا ہے۔ .

اے پی ایچ سی کے جنرل سکریٹری مولوی بشیر احمد نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا مودی کی زیرقیادت ہندوستانی فاشسٹ حکومت مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کے لئے منصوبہ بند طریقے سے آئی او جے کے پر حملہ کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور بڑے پیمانے پر گرفتاریوں نے کشمیریوں کی زندگیاں مزید خراب کردی ہیں۔

اے پی ایچ سی کے جنرل سکریٹری نے افسردگی کا اظہار کیا کہ بھارت کی طرف سے فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال اور مقبوضہ علاقے میں کالے قوانین کے بے لگام نفاذ سے خطے میں امن اور سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اپنی فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

مولوی بشیر احمد نے کہا کہ بھارتی فوجی جعلی کارروائیوں کے دوران کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کررہے ھے  جس کی انتہائی قابل مذمت بات ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونے تک اس خطے میں مستقل امن قائم نہیں ہوسکتا۔