پی سی بی کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن کااعلان قابل ستائش ہے : بابر اعظم

لاہور : قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پی سی بی کی جانب سے ڈومیسٹک سیز ن کے اعلان کو قابل ستائش قرار دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر بابر اعظم نے پی سی بی پوڈ کاسٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے باوجود دنیا بھر میں کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہنا خوش آئند ہے اور اس وجہ سے انہیں دورہ انگلینڈ میں پاکستان اور پھر سمرسیٹ کی نمائندگی کے بعد اب ڈومیسٹک کرکٹ میں بائیو سیکیور ببل میں رہنا پڑے گا تاہم وہ اب اس ماحول کے عادی ہو چکے ہیں ۔ پی سی بی کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن 2020-21 کے مکمل شیڈول کااعلان اور پھرملتان اورراولپنڈی میں بائیوسیکیورایبل میں قومی ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد ایک قابل ستائش عمل ہے ، جس سے ہمارے کھلاڑیوں کو صلاحیتیں نکھارنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے ۔ ان کا کہنا تھا  کہ  کافی عرصے سے ڈومیسٹک کرکٹرز سے ملاقات نہیں کرسکے ہیں ، لہذا وہ راولپنڈی میں سنٹرل پنجاب کی قیادت سنبھالنے  پر بہت خوش ہیں ۔
بابراعظم نے مزید کہا کہ دنیا میں کوئی کھلاڑی ایسا نہیں جو دباؤ کا شکار نہیں  ہوتا ، ان کی کامیابی کا راز ہمیشہ اپنا قدرتی کھیل کھیلنا ہے لیکن جب دباؤ کا شکار ہوں تو پھر خاموش نہیں بیٹھ سکتا، خود پر سے دباؤ ختم کرنے کے لیے ڈریسنگ میں بیٹھے ساتھی کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف سے گفتگو شروع کر دیتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کھیلنے کا انداز نہیں بدلتے مگر اپنی رفتار بدل دیتے ہیں ۔ بلے باز کا کہنا ہے کہ وہ مشکل سے مشکل کنڈیشنز اور پچ پر سخت پریکٹس کرتے ہیں تاکہ میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں، انگلینڈ میں اچھا باؤنس ملتا ہے، جس سے بیٹنگ بہتر ہوئی۔
قومی بلے باز کہنا تھا کہ اچھے باؤنس کی وجہ سے انگلیڈ کی کنڈیشنز بہتر رہتی ہیں ۔ انگلینڈ میں متعدد سیریز کھیلنے کے بعد انہیں کنڈیشنز کا اندازہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وہ اس تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھا نے کی کوشش کرتے ہیں ۔
دورہ زمبابوے پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ  اس ایونٹ کے بعد تمام کھلاڑی زمبابوے کے خلاف بھرپورتیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے، انٹرنیشنل سطح پر کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی ، وہ زمبابوے کے خلاف کامیابی حاصل کر کے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل مومینٹم حاصل کرنا چاہتے ہیں کیونکہ نیوزی لینڈ کیخلاف نیوزی لینڈ میں سیریز آسان نہیں ہوتی ۔
قومی کرکٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے مرحلے میں سینٹرل  پنجاب کی قیادت کیلئے  آج راولپنڈی روانہ ہوں گے۔