شہید عزیمت شیخ عبد العزیز کی13 ویں برسی آج منائی جائے گی ۔ سری نگر میں مزار شہدا کی طرف مارچ کیا جائے گا ، خصوصی تقریبات ہوں گی

سری نگر() کشمیری حریت پسند رہنما شہید عزیمت شیخ عبد العزیز کی13 ویں برسی آج ( بدھ کے روز) کے روز منائی جائے گی ۔ اس روز مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں  شیخ عبد العزیز شہید کی یاد میں خصوصی تقریبات ہوں گی۔ سری نگر میں مزار شہدا کی طرف مارچ کیا جائے گا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید عزیمت شیخ عبد العزیز  کو خراج عقیدت پیش کیا ہے  ۔ بھارتی فوج نے حریت کانفرنس کے رہنما شیخ عبد العزیز کو11اگست2008کو اوڑی میں گولی  مار کر شہید کر دیا تھا۔ جموں میں انتہا پسند ہندووں کی طرف سے وادی کی اقتصادی  ناکہ بندی پر شیخ عبد العزیز  نے ہزاروں افراد کے ہمراہ ایل اوسی کی طرف مارچ کر کے پاکستان جانے کا اعلان کیا تھا۔شیخ عبد العزیز   کی قیادت میں ان کا قافلہ11اگست2008کو جب اوڑی میں داخل ہوا تو بھارتی فورسزنے اندھا دھند فائرنگ کرکے شیخ عبد العزیز کو شہید کردیا۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے  شیخ عبد العزیز  اور دیگر شہدائے کشمیر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پارٹی ترجمان  نے ایک بیان میں کہاگیاکہ شیخ عبد العزیز اور فریڈم پارٹی کے نظربند سربراہ شبیراحمد شاہ اس قافلے کی اولین صف میں شامل تھے جس نے وادی کشمیر کی اقتصادی ناکہ بندی کیخلاف عملی اقدام کیلئے کنٹرول لائن توڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔