میرواعظ کی نظر بندی کے بارے میں بھارتی گورنر کا جھوٹ بے نقاب

سرینگر22اگست() غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی نظر بندی کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے سفید جھوٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر ایک بات کہتے ہیں اور بھارتی پولیس اسے بالکل مختلف بات کرتی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر کا یہ بیان سرینگر کے علاقے نگین میں حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق کی رہائش گاہ پرصحافیوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے بعد سامنے آیا ۔ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر ایک بات کہتے ہیں اور پولیس بالکل مختلف کرتی ہے۔یاد رہے بھارتی گورنر منوج سنہانے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اعتماد سے کہتا ہوں کہ میر واعظ عمرفاروق گھر میں نظر بند نہیں ہیں اور وہ ایک آزاد آدمی ہیں۔ منوج سنہا نے انٹرویو میں کہا تھاکہ اگست 2019میں میرواعظ عمرفاروق پرپبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔انہو ں نے کہا کہ ہم نے ان کی حفاظت کے لیے ان کے ارد گرد پولیس اہلکار تعینات کیے ہیں۔