تنازعہ کشمیر کا بہترین حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے ، خواجہ فردوس

جموںوکشمیر کے عوام اپنی خواہشات کے منافی تنازعہ کشمیر کا حل ہرگز قبول نہیںکریں گے، بیان

سرینگر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے کہا ہے کہ جموںوکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور تنازعہ کشمیر کا بہترین حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جموںوکشمیر کے عوام اپنی خواہشات کے منافی تنازعہ کشمیر کا حل ہرگز قبول نہیںکریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت محض اس وجہ سے ختم کی تاکہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کر سکے۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے اس مسئلے کی تاریخی حیثیت ہرگز تبدیل نہیں کر سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا بنیادی مطالبہ حق خود ارادیت کی فراہمی ہے جس کے حصول تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ خواجہ فردوس نے بھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر میں بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لے۔