مقبوضہ جموں وکشمیر : شبیر احمد شاہ کی اہلیہ کا اپنے شوہر اور دیگر کشمیری نظر بندوں کی رہائی کا مطالبہ

سرینگر 24اپریل : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس شاہ نے اپنے شوہر سمیت بھارتی جیلوں میں نظر بند تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔  ڈاکٹر بلقیس شاہ نے جو پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں اپنے فیس بک پیج پر لکھا ” کہ میرے شوہر شبیر احمد شاہ اور نئی دلی کی تہاڑ اور دیگر بھارتی جیلوں میں نظر بند دیگر کشمیریوں کو رہا کیا جانا چاہیے اور اگر رہا نہ کیا جائے تو کم از کم انہیں مقبوضہ علاقے کی جیلوں میں منتقل کیا جائے“۔
ڈاکٹر بلقیس شاہ کی اپنے شوہر اور غیر قانونی طورپر نظر بند دیگر کشمیریوں کی رہائی کی اپیل ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت بھر میں کورونا کی وبا نے بدترین شکیل اختیار کر لی ہے اور روانہ لاکھوں افراد مہلک وبا میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ اس نازک صورتحال میں بھارتی جیلوں میں نظر بند سینکڑوںکشمیریوں کی زندگیاں بھی سخت خطرات سے دوچار ہیں۔ شبیر احمد شاہ کو بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائر یکٹوریٹ نے 2017میں جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا تھا اور وہ اُ س وقت سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں۔انکے علاوہ محمد یاسین ملک ، مسرت عالم بٹ ، آسیہ اندرابی ، ناہیدہ نسرین ، فہمیدہ صوفی ، الطاف احمد شاہ ، ایاز اکبر ، پیر سیف اللہ ، معراج الدین کلوال ، نعیم خان ، شاہد الاسلام ، فاروق احمد ڈار ، سید شاہد یوسف شاہ ، سید شکیل یوسف شاہ ، ظہور احمد وٹالی اور دیگر بھی تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجما ن نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں شبیر احمد شاہ اور دیگر کشمیری حریت رہنماﺅں کی مسلسل غیر قانونی نظر بند پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ انکی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔