قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے پر ”مخصوص سیاسی بیانیے“ کا غلبہ ہے، تحریک انصاف

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم لندن پلان کے تحت طے شدہ شرمناک سیاسی نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے پر ردعمل میں  پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اعلامیے پر مخصوص سیاسی بیانیے کے غلبے پر تشویش ہے۔ ٹھوس حقائق کے بجائے مفروضون کی بنیاد پر فیصلہ سازی تباہ کن ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ حکمراں اتحاد پی ٹی آئی اور چئیرمین عمران خان کے خلاف لندن پلان کے تحت طے شدہ شرمناک سیاسی نتائج حاصل کرنا چاہتا ہے۔ قومی ترقی اور استحکام آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ سے ہی ممکن ہے تاہم گزشتہ 13 ماہ کے واقعات نے ثابت کیا کہ مقتدر سیاسی اور عسکری اشرافیہ کی ترجیحات اس کے برعکس ہیں۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت 9 مئی کے پرامن احتجاج میں نہتّے شہریوں کے قاتلوں اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث انتشارپسندوں کی نشاندہی کرے اور سپریم کورٹ ججز پر مشتمل با اختیار عدالتی کمیشن بنایا جائے۔محض شکوک و شبہات یا پرامن احتجاج کے آئینی حق کے تحت بغیر مقدمات اٹھائے گئے ہزاروں شہریوں کو رہا کیا جائے اورتحریک انصاف کے خلاف  مقدمات کے اندراج کو تحقیقات کے نتائج سے منسلک کیا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ تحریک انصاف  وطنِ عزیز کو گھمبیر بحرانی کیفیت سے نکالنے کیلئے کسی خوف یا لالچ کے بغیر اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔