نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں بشریٰ بی بی کو کل طلب کرلیا

لاہور: قومی احتساب بیورو نے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کل طلب کرلیا۔

نیب کی ٹیم القادر ٹرسٹ کیس میں 190 ملین پاؤنڈز کے معاملے پر بشریٰ بی بی کو طلبی کا نوٹس دینے کے لیے زمان پارک پہنچی۔ جہاں پر 2 گھنٹے کے بعد نیب کی تین رکنی ٹیم زمان پارک سے واپس روانہ ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ٹیم نوٹس وصول کروانے کے لیے دوبارہ زمان پارک آئے گی۔نیب کی تین رکنی ٹیم  زمان پارک پر بشریٰ بی بی کو کل اسلام آباد طلبی کا نوٹس وصول کروانے آئی تھی۔

واضح رہے کہ  دو روز قبل ہی لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی القادر ٹرسٹ کیس میں 23 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کی ہے۔

سابق خاتون اول نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت، نیب اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں تحقیقات شروع کر رکھی ہے۔نیب کی جانب سے جاری تحقیقات غیر قانونی ہیں اور نیب کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے۔

علاوہ ازیں عمران خان نے گزشتہ دنوں اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ جب میں جیل کے اندر تھا تو تشدد کا بہانہ بنا کر انہوں نے جج، جیوری اور جلاد کا کردار ادا کیا تاہم اب منصوبہ یہ ہے کہ بشریٰ بیگم کو جیل میں ڈال کر میری تذلیل کی جائے اور مجھے اگلے 10 سال تک جیل میں رکھنے کے لیے بغاوت کے قانون کا استعمال کیا جائے۔