عاقب جاوید کا پی ایس ایل کے باقی ماندہ میچوں کے انعقاد پر زور

ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید کا کہنا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ 5 کے باقی ماندہ میچز نومبر میں کرانے کا سوچا ہوا ہے تو پھر ابھی باقاعدہ تاریخوں اور وینیوز کا اعلان کیا جائے۔

عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ اگر پی سی بی 4 میچز کا اعلان نہیں کر سکتا تو پھر اگلے برس فروری میں ہونے والی پی ایس ایل 6 کیسے کرائے گا۔

‏ پی ایس ایل 5 کووڈ-19 کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا اور پی سی بی نے باقی ماندہ 4 میچز نومبر میں کرانے کا اعلان کیا ہوا ہے اور پی سی بی پُر امید ہے کہ میچز کا انعقاد ہو گا لیکن پی سی بی نے تاحا ل وینیوز اور شیڈول کا اعلان نہیں کیا۔

‏ لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر  کرکٹ عاقب جاوید کو یہ بات ناگوار گزر رہی ہے  اور وہ کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کے باقی ماندہ میچوں کے انعقاد کے لیے تاریخوں اور وینیوز کا اعلان بہت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرے لوگ پوری لیگ کرانے کا اعلان کر چکے ہیں اور ہم نے ابھی تک 4 میچز کا اعلان نہیں کیا، اعلان کرنے سے خدشات کم ہوں گے جب کہ تیاری اور منصوبہ بندی کا موقع بھی ملے گا۔

‏ عاقب جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل کے ملتوی شدہ میچز نومبر میں کرانے کے لیے ایک دو آپشنز پر کام کرنا چاہیے، بھارتی بورڈ کی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی لیڈ لینی چاہیے تھی،  انہوں نے اپنی پوری لیگ کو متحدہ عرب امارات میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹین لیگ کا اعلان بھی 2 ماہ پہلے ہو چکا ہے، پی سی بی اگر جلد اعلان کرتا ہے تو انٹر نیشنل کرکٹرز کو بھی ونڈو کا علم ہو سکے گا اور انہیں اپنی دستیابی کا بھی علم ہو سکے گا۔

‏ ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی کو چاہیے کہ آئی پی ایل اور ٹی ٹین لیگ کے درمیان ونڈو بنائے اور میچز یو اے ای میں کرائے کیونکہ انٹر نیشنل کرکٹرز پہلے ہی یو اے ای میں موجود ہوں گے اور اپنے کھلاڑیوں کو یہاں سے لے کر جائیں، ان کی آئسولیشن مکمل کریں اور پھر پی ایس ایل 5 کے میچز کرائیں جو کہ ایک آسان طریقہ کار ہو گا۔