مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب

مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے غیر آئینی اقدامات سے وہاں کی صورتِ حال اور وہاں جاری قابض بھارتی فورسز کے ظلم و ستم پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلا لیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کشمیر کی صورتِ حال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس کل نیو یارک کے وقت کے مطابق دن 12 بجے ہو گا
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگست کے بعد دوسری مرتبہ سلامتی کونسل میں کشمیر کے مسئلے پر بات ہو گی۔

اجلاس میں اقوامِ متحدہ کا فوجی مبصرین گروپ ایل او سی کی صورتِ حال پر بریف کرے گا، کشمیر کی صورتِ حال پر چین نےسلامتی کونسل کے یہ اجلاس بلانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

دوسری جانب وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی آج ہی نیویارک پہنچ رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس اس وقت ہو رہا ہے جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پابندیاں 163 ویں روز میں داخل ہو چکی ہیں۔

قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی بھی جاری ہے، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تازہ واقعے میں قابض بھارتی فوج نے ضلع بڈگام میں ایک اور کشمیری کو شہید کردیا، جس کے بعد 2 دنوں کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر سلامتی کونسل کا اجلاس گزشتہ سال 16 اگست کو ہوا تھا۔