ملک کےاکثرشہروں میں مطلع صاف،بیشترعلاقوں میں سردوخشک موسم متوقع

ملک کےاکثرشہروں میں مطلع صاف،بیشترعلاقوں میں سردوخشک موسم متوقع

بارش کے بعد ملک کے اکثر علاقوں میں مطلع صاف ہوگیا ہے۔ آج زیادہ تر شہروں میں سرد اور خشک موسم متوقع ہے تاہم گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

منگل کوملک کےبیشترعلاقوں میں گزشتہ 2 روز سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت آج اکثر شہروں میں موسم خشک رہنے اور شدید سردی کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں ہلکی بارش کیساتھ پہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔ گزشتہ روز کالام میں سب سے زیادہ 85 ملی میٹر بارش جبکہ اسلام آباد میں 57 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ کالام میں 45 انچ، مالم جبہ میں 19، استور میں 15 اور مری میں 3 انچ تک برف پڑچکی ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق گزشتہ روز بگروٹ میں سب سے کم منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ گوپس اور پارا چنار منفی 8 جبکہ استورمیں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری رہا۔

محکمہ موسمیات نے آج پہاڑوں پر مزید برفباری جبکہ پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت دھند کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔