بھارتی حکام نے پاکستان میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کو سفری دستاویزات کے باوجود پاکستان جانے سے روک دیا

نئی دہلی 06 اپریل : بھارتی حکام نے پاکستان میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کو قانونی سفری دستاویزات ہونے کے باوجود دبئی کے راستے پاکستان جانے سے روک دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دبئی کے راستے پاکستان جانے والے میڈیکل کے تین کشمیری طلباء نے ایک میڈیا  انٹرویو میں کہا کہ بھارت حکام نے انہیں وزارت داخلہ کی این او سی نہ ہونے کا بہانے بناکر دہلی کے ہوائی اڈے پر روک دیا۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ حکام نے بھارتی پنجاب کے سرحد ی علاقے اٹاری میں سینکڑوں کشمیری طلباء کو پاکستان میں داخل ہونے سے روک دیا تھاجبکہ ان کے پاس تمام سفری دستاویزات موجود تھیں۔ کشمیری طلباء نے اب دبئی کے راستے پاکستان آنے کی کوشش کی لیکن بھارتی حکام نے انہیں دہلی کے ہوائی اڈے پر روکا اور پہلے بھارتی وزارت داخلہ سے این او سی لانے کے لئے کہا۔ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیری طلباء کے مستقبل کو تباہ کرنے اور بے بس طلباء اور ان کے اہلخانہ کی مشکلات میں اضافہ کرنے کے لئے انہیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی۔