اب جلسہ یہاں نہیں ٹھہرے گا بلکہ پھیلے گا، فضل الرحمان

اسلام آباد: جمیعت علما اسلام کے سربراہ اور اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اب جلسہ یہاں نہیں ٹھہرے گا بلکہ پھیلے گا، یہاں اپوزیشن جماعتیں اکھٹی ہوں گی۔

اسلام آباد میں جے یو آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان ہم تمھیں این آر او نہیں دیں گے بلکہ اُس جگہ لاکر کھڑا کردیں گے جہاں تم سوچ نہیں سکتے، آج ہم اپنی فتح اور تمھاری شکست کا اعلان کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا تھا تم یہودیوں کے ایجنٹ ہو، ہم نے ثابت کردیا کہ تم کس کی جنگ لڑنا چاہتے تھے مگر ہم نے مذہب کارڈ کھیلے بغیر اپنی پُرامن جدوجہد سے مدارس اور اسلام کا دفاع کیا یہ ہمارا ایمان ہے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ آج اسی مقام پر تمام اپوزیشن اکٹھی ہوگی، جلسہ اب یہاں نہیں ٹھہرے گا بلکہ اب پھیلے گا یہ ہماری مجبوری ہے، ہم قانون کا احترام کرتے ہیں مگر عوام اور کے سامنے اتنے ہی بے بس ہیں جتنا اسلام آباد کا آئی جی اور ڈی آئی جی ہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تم آج ہماری گرفت میں ہو، عمران خان تم نے ہمیں آئی ایم ایف کا غلام بنادیا، تم نے میرے ملک کو غلام بنایا، تم نے کشمیر کا سودا کیا اور کشمیر مودی کے حوالے کیا، تم نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کرنیکا فارمولاکس کے اشارے پر پیش کیا۔؟

پی ڈی ایم کے صدر نے کہا کہ کیا عمران خان نے نہیں کہا تھا کہ اللہ کرے مودی کامیاب ہوتاکہ کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے، ہم ملک کو بیچنے اور آزادی کا سودا کرنے کے تمھارے ہر ایجنڈے کو جانتے ہیں۔