شمالی کشمیر میں بھارتی فوجی اہلکاروں کی باہمی لڑائی میں ایک بھارتی فوجی ہلاک سوگام لولاب علاقے میں بھارتی فوج کی 28راشٹریہ رائفلز اہلکارو ں میں تصادم ہوا

سری نگر()شمالی کشمیر میں بھارتی فوجی اہلکاروں کی باہمی لڑائی میں ایک بھارتی فوجی  نائک ودھان کمار  ہلاک ہو گیا ہے ۔ ضلع کپوارہ کے سوگام لولاب علاقے میں  بھارتی فوج کی 28راشٹریہ رائفلز  اہلکاروں کے آپسی تصادم  ہوا۔ فوجی ترجمان کے مطابق  لولاب کے سوگام علاقہ میں قائم 28راشٹریہ رائفلزکی رو ڈ اوپنگ پارٹی کے ساتھ وابستہ اہلکار لاسی پورہ کے مقام پر جارہے تھے ، جس کے دوران  وہ کچھ دیر کیلئے ٹھہر گئے۔ اس دوران دو جوانوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا جس نے تصادم کی شکل اختیار کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک جوان نے اپنی سروس رائفل سے اپنے ساتھی جوان پر دو فائر کئے جس سے وہ شدید زخمی ہوا۔اسے فوری طور پردرگمولہ میں قائم فوجی اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ بیٹھا۔مذکورہ اہلکار کی شناخت نائک ودھان کمار  کے بطور ہوئی ہے۔