شاہ محمود کی روسی وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پرگفتگو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ماسکو میں  روسی وزیر خارجہ  سرگئی لاوروف سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وفد کے ساتھ روسی وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور عالمی امور  پر گفتگو کی گئی اور وزرائے خارجہ نے پاک روس دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور روس کے تعلقات بتدریج مستحکم ہوئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ  وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی  ترجیحات پر عمل پیرا ہیں، علاقائی روابط کے فروغ کے ایجنڈے پر بھی عمل پیرا ہیں۔