‘میٹرکس 4’ میں مردہ کرداروں کی واپسی، پریانکا بھی فلم کا حصہ

معروف سائنس فکشن فلم سیریز ‘میٹرکس’ کے شائقین کا طویل انتظار ختم ہوا اور ٹیم نے چوتھی فلم کا پہلا ٹریلر جاری کردیا، جس میں پچھلی فلم میں مر جانے والے کرداروں کی واپسی کو دکھایا گیا ہے۔

‘میٹرکس’ سیریز کی پہلی فلم 1999 میں ‘دی میٹرکس’ کے نام سے ریلیز ہوئی تھی، جس نے سائنس فکشن فلموں کے شائقین میں خوب توجہ حاصل کی تھی، جس کے بعد اسی سیریز کی مزید دو فلمیں بھی بنائی گئی تھیں اور اب چوتھی فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

‘میٹرکس 4’ کو ‘دی میٹرکس رزکشن’ کا نام دیا گیا ہے جس میں ‘نیو’ اور ‘نیوبی’ کے مرکزی کردار ان ہی اداکاروں نے ادا کیے ہیں، جنہوں نے پہلی تینوں فلموں میں یہی کردار ادا کیے تھے۔

سیریز کی چوتھی فلم میں ‘نیو’ کا کردار کیانو ریویز جب کہ ‘نیوبی’ کا کردار جیڈا پنکٹ اسمتھ ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

نئی فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مرکزی کردار بھی دوبارہ واپس دکھائی دیں گے، کیوں کہ فلم کے دونوں مرکزی کرداروں کو تیسری فلم میں مار دیا گیا تھا۔

چوتھی فلم کا نام ہی ایسا رکھا گیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مردہ لوگوں کی واپسی ہو رہی ہے۔

جاری کیے گئے ٹریلر سے فلم کی کہانی کا اندازہ لگانا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کے مرکزی کردار اپنے دوبارہ زندہ ہونے پر پریشان ہیں اور انہیں کچھ سمجھ نہیں آتا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا تھا اور وہ کہاں سے تعلق رکھتے ہیں؟

فلم کی ٹیم نے چوتھی فلم کی کہانی کو تاحال خفیہ رکھا ہے، تاہم خبریں ہیں کہ ‘دی میٹرکس رزکشن’ کی کہانی وہیں سے شروع کی گئی ہیں، جہاں سیریز کی تیسری فلم کی کہانی ختم کی گئی تھی۔

فلم کے تیسرے مرکزی کردار ‘مورفیس’ کے روپ میں سیاہ فام مسلمان اداکار یحیٰ عبدالمتین ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

ٹریلر میں بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے، تاہم ان کی مختصر جھلک سے ان کے کردار کو سمجھنا مشکل ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے فلم کا حصہ بننے پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے اپنے کردار کو بڑے تالاب کی ایک مچھلی کی مانند قرار دیا۔

پریانکا چوپڑا کی طرح سیریز کی چوتھی فلم میں دیگر کئی اداکار بھی پہلی بار ایکشن میں دکھائی دیں گے جب کہ ‘دی میٹرکس رزکشن’ کی دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اس کی ہدایات لینا واچوفسکی‌ نے دی ہیں۔

اس سے قبل سیریز کی تینوں فلموں کی ہدایات لینا واچوفسکی کی بہن للی واچوفسکی نے دی تھیں۔

سیریز کی پہلی ‘دی میٹرکس’ 1999 میں ریلیز کی گئی تھی، اس کی دوسری فلم ‘دی میٹرکس ری لوڈڈ’ 2003 جب کہ تیسری فلم ‘دی میٹرکس ریوولیوشنس’ بھی اسی سال ریلیز کی گئی تھی۔

سیریز کی آخری دونوں فلموں کو ایک ہی سال ریلیز کرنے 18 سال بعد اب سیریز کی چوتھی فلم کو رواں برس دسمبر میں کرسمس کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔