
فلم بلیک پینتھرکے مرکزی اداکار چاڈ وک بوس مین انتقال کر گئے
ماسکو:ہالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار اور فلم "بلیک پینتھر” میں مرکزی کردار ادا کرنے والے امریکی اداکار چاڈ وک بوس مین کینسر کے باعث 43 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
امریکی اداکار چاڈ وک بوس مین کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک پیغام جاری کیا گیا کہ بوس مین کا لاس اینجلس میں اپنے گھر پر انتقال ہوا جہاں ان کی اہلیہ اور دیگر خاندان والے ان کے ساتھ موجود تھے،وہ بہت ہمت والے تھے اور اپنی تکالیف کا انہوں نے بڑے جذبے سے مقابلہ کیا اور ان فلموں میں کام کیا جو عوام میں بے حد مقبول ہوئیں۔ان کی عمر 43 برس تھی اور کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔
امریکی اداکار چاڈ وک بوس مین نےفلم 42 ،گین آن اپ سمیت کئی نامور فلموں میں کام کیا لیکن ان کی سب سے یادگار فلم بلیک پینتھر تھی جو 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔یہ پہلی سپر ہیرو فلم تھی جسے بہترین فلم کے آسکر اعزاز کے لیے نامزد کیا گیا تھا ۔انہوں نے دیگر مارول فلموں میں بھی یہی کردار ادا کیا۔ اس کا ایک سیکوئل تیار ہورہا تھا جو 2022 میں ریلیزکیا جانا تھا۔