
سید علی گیلانی کی جبری تدفین بھارت کی نام نہاد جمہوریت کے چہرے پر سیاہ دھبہ ہے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا یو اے پی اے کے تحت مقدمے کے اندراج کی شدید مذمت
سری نگر()جموں و کشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سید علی گیلانی کے اہلخانہ اور رشتہ داروں کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمے کے اندراج کی شدید مذمت کی ہے ۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کالے قانون کے تحت مقدمے کے اندراج کو مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ قراردیا۔انہوں نے کہا کہ تعصب اور انتقامی کارروائیاں بھارت کی فرقہ پرست حکومت کا طرہ امتیاز ہیں جوہر کشمیری کو اپنے ہندوتوا نظریہ کا دشمن سمجھتی ہے ۔ بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی کی رات کی تاریکی میں تدفین کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان نے کہاکہ فوجی محاصرے میں سید علی گیلانی کی جبری تدفین بھارت کی نام نہاد جمہوریت کے چہرے پر سیاہ دھبہ ہے۔