شکست کے بعد انضمام کا ٹیم کو اہم مشورہ

سابق کپتان و لیجنڈری بیٹسمین انضمام الحق نے مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست پر ٹیم کو امید دلاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اب بھی انگلینڈ سے کافی بہتر ہے اور سیریز بھی جیت سکتا ہے۔

اپنے یوٹیوب چینل پر پاکستانی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن بکھرنے پر بولرز دباؤ کا شکار ہوگئے تھے جب آپ مشکل مرحلے سے گزر رہے ہوں تو ٹیم کی باڈی لینگویج تبدیل نہیں ہونی چاہیے لیکن پاکستان کے ساتھ ایسا نہیں ہوا کھلاڑی دباؤ میں آگئے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ اس مشکل صورتحال میں جب ٹیم کو شکست ہو جائے تو ٹیم منیجمنٹ کا کردار انتہائی اہم ہو جاتا ہے اس کا کام ہے کہ وہ ذہن سازی کرے اور مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرے۔

انضمام نے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ ٹیم کی اچھی کارکردگی کو بیان کرے کہ پہلی اننگز میں 300 سے زائد بنائے، برتری حاصل کی اور بولنگ شاندار رہی، ایسے مثبت پہلوؤں پر بات چیت کرے تاکہ شکست سے ٹیم کے گرے ہوئے مورال کو اٹھایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم اب بھی انگلینڈ سے زیادہ بہتر ہے اور سیریز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ٹیم متوازی اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، اس لیے ٹیم کو سیریز میں کامیابی حاصل کرنی چاہیے۔

مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے دیاجانے والا 277 رنز کا ہدف انگلینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، کرس ووکس اور جوز بٹلر نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

انگلینڈ کی آدھی ٹیم 146 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی اس کے بعد جوز بٹلر اور کرس ووکس نے 139 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے ناقابل شکست 84 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جوز بٹلر 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔