حریت رہنماﺅں اور تنظیموںکی طرف سے شہید کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت

سرینگر 22 مارچ : بھار ت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں حریت رہنماوں اور تنظیموں نے ضلع شوپیان میںھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک جعلی مقابلے میں شہید ہونے والے چار کشمیری نوجوانوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری شہداءنے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور شہداءکے مشن کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری نوجوانوں کو بھارت کے ظلم اور بربریت کا نشانہ بنانے سے بچائیں جن کا واحد جرم اپنا حق خودارادیت مانگنا ہے جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے ان سے کیا تھا ۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںشوپیاںمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقید پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہداءکی قربانیوںکو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فوجیوںکی طرف سے مکانات کی تباہی، لوٹ مار اور املاک کو نذر آتش کرنا حریت پسند نڈر کشمیری قوم کو اجتماعی سزا کا نشانہ بنانے کا ایک دانستہ اقدام ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور انکی قربانیوںکو رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا۔ حق خود ارادیت فورم جموں و کشمیر کاایک اجلاس جاوید احمد قریشی کی صدارت میںجنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیاکہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے میںبھارتی ریاستی دہشت گردی کا سخت نوٹس لے اور نہتے کشمیریوںپر جاری بھارتی مظالم کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔اجلاس کے شرکاءنے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوںکی نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے اور آئے روز جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کو شہید کیاجارہا ہے ۔پاسبان حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین عزیراحمدغزالی نے مظفر آباد سے جاری ایک بیان میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر کے ضلع شوپیاںمیں بھارتی دہشت گرد افواج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی ٹارگٹڈ کلنگ کی مذمت کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی حکومت اور قابض افواج ایک منظم اورمنصوبہ بندطریقے سے وادی کشمیر میں نوجوانوں کو چن چن کر قتل کررہی ہیں۔انہوںنے علاقے میں بھارتی فوجیوںکی طرف سے رہائشی بستیوں اور گھروں کوتباہ کرنے پر بھی افسوس ظاہر کیا۔عزیر احمد غزالی نے کہاکہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوانوں کا قتل عام ایک قابل نفرت اورقابل گرفت جرم ہے۔انہوںنے کہاکہ شوپیان میں نوجوانوں کا قتل عام اور رہائشی بستیوں کی تباہی بھارت کی کھلی دہشت گردی ہے۔ انہوںنے شہید نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کی تاریخ ساز جدوجہد جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کی نوید ثابت ہوگی۔