اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے اقوا م متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل پر زور

اسلام آباد 05 اگست () اسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق کمیشن نے اقوا م متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل پر زوردیا ہے ۔
 یہ مطالبہ آج اسلام آباد میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کے ایک وفد درمیان ایک ملاقات میں کیاگیا ۔ کمیشن نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری پر بھی زوردیا ۔ سیکریٹری خارجہ نے وفد کو مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوںنے تنازعہ کشمیر کے قانونی اور انسانی حقوق کے پہلوئوں کے علاوہ علاقے میں امن وسلامتی کے بارے میں بھی بریفنگ دی ۔  او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کا12رکنی وفد پاکستان اور آزاد کشمیر کے دورے پر ہے جو 19اگست تک جاری رہے گا۔وفد اس دوران زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کنٹرول لائن کا دورہ بھی کرے گااور کشمیری قیادت ،مقبوضہ جموںوکشمیر کے مہاجرین اوربھارتی مظالم سے متاثرہ کشمیریوں سے ملاقاتیں کرے گا۔ یہ دورہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کو دو برس مکمل ہونے کے موقع پر کیاجارہا ہے ۔ او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن کا دورہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں انسانی حقو ق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لینے کی کوششوںکا حصہ ہے جس کا اسے مینڈیٹ حاصل ہے۔