حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد 08مارچ : خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرے میں شامل حریت قائدین نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں خواتین کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا ۔ مقررین نے تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ جدوجہد آزادی کشمیرمیں خواتین کا اہم کردار ہے اور کشمیری خواتین بھارتی درندگی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں۔ حریت قائدین نے کہاکہ ہم مقبوضہ جموںوکشمیر کی ان عفت ماب ماﺅں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوںنے آزادی کے حصول کیلئے اپنے لخت جگر قربان کئے ، ان بہادر بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوںنے اس مقصد کیلئے اپنے بچے قربان کئے۔ مقررین نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کا کلیدی کردار رہا ہے اور دنیا جانتی ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض فوج گزشتہ 29برس سے خواتین کو ایک جنگی ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہی ہے ۔ ہزاروں خواتین کی بے حرمتی کی گئی ہے تاہم باہمت کشمیری خواتین نے اس ریاستی ظلم و ستم کے باوجود اپنے جگر گوشے اس مقدس تحریک کیلئے قربان کئے اور ان کے عزم اور حوصلے میں کوئی لغزش نہیں آئی۔ انہوںنے مزید کہاکہ بھارتی فوج نے ہزاروں افراد کو ماورائے عدالت کیا یا انہیں حراست کے دوران لاپتہ کردیاگیاجس سے تقریبا دس ہزار خواتین متاثرہوئیں جنہیں نصف بیوائیں کہاجاتا ہے ۔ یہ خواتین مسلسل عذاب سے گزر رہی ہیں ۔ ان خواتین اور ان کے بچوںکی نہ صرف تعلیم متاثر ہوئی بلکہ یہ معاشی طورپر بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ مقرین نے افسوس ظاہر کیاکہ حوا کی یہ بیٹیاںکشمیرمیں لٹتی رہیں تاہم انسانیت کے علمبردار ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں ۔ حریت رہنماﺅںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیرمیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کشمیری قائدین کو گرفتار رہا ہے اور ان کی نسل کشیُ جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوںکو ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ جاری کر کے آبادی کے تباسب کو بگاڑنا چاہتا ہے تاہم کشمیری بھارت کو اس کے ناپاک منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حریت قائدین نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت اورمقبوضہ جموںوکشمیرمیں حالیہ دنوں میں کشمیریوں نوجوانوںکے قتل پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کشمیری نوجوانوںکی نسل کشیُ جاری رکھے ہوئے ہے۔ مظاہرے کے اختتام پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک یادداشت بھی پیش کی گئی ۔