آزاد کشمیر کے انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی پر وزیر اعظم پاکستان کو مبارک باد

سرینگر27جولائی () غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمسلم لیگ جموں وکشمیر کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ نے آزاد جموں وکشمیر کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو مبارک باد پیش کی ہے ۔
 عبدالاحد پرہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ عمران خان نے جس طرح کشمیر کاز کو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ آزاد کشمیر کے غیور عوام نے تحریک انصاف کے امیدواروںکوووٹ دیکر انتخابات میں کامیاب کیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے عوام کوامید ہے کہ اب عمران خان مزید مضبوطی کے ساتھ کشمیریوں کے وکیل بن کر پوری دنیا کو اس بات پر آمادہ کریں گے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و استحکام قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوںکا مسئلہ کشمیر پر موقف اتنا مضبوط اور حق پر مبنی ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت اسے جھٹلا نہیں سکتی ۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے تحریک انصاف کے امیدوار حریت پسند کشمیری عوام کی خواہشات ، امیدوںاور قربانیوںکواجاگر کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے ۔