شیخ تجمل الاسلام تحریک آزادی کشمیر کے ایک روشن چراغ تھے۔ صلاح الدین شیخ تجمل الاسلام کی پوری زندگی غلبہ اسلام اور تحریک آزادی کیلئے وقف تھی

مظفر آباد() حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ شیخ تجمل الاسلام  تحریک آزادی کشمیر کے ایک روشن چراغ تھے۔جس محاذ پر بھی کام کیا،بہت ہی احسن طریقے سے اسے نبھایا۔پوری زندگی غلبہ اسلام اور تحریک آزادی کیلئے وقف تھی۔ان کی جدائی سے کافی تکلیف پہنچی،بہرحال یہ ایک عیاں حقیقت ہے کہ ہر کسی ذی  روح کو اس عارضی دنیا سے رخصت ہوکر دائمی دنیا کی طرف جانا ہے۔ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے متحدہ جہاد کونسل کے ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ تجمل الاسلام سے پرانا تحریکی تعلق رہا ہے۔مرحوم جماعت اسلامی کے ترجمان اخبار اذان کے چیف ایڈیٹر رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی سعد الدین  کے کافی لاڈلے تھے اور ان کی تربیت میں رہ کر اسلام کو ایک نظریہ حیات کی صورت میں نہ صرف قبول بلکہ اسے نافذ کرنے کی  جدوجہد میں بھی شریک ہوئے۔اس دوران امام سید علی گیلانی  کے انقلابی سوچ اور فکر سے بھی کا فی متاثر ہوئے اور جب اسلامی جمیت الطلبہ کے سربراہ مقرر ہوئے تو پوری قوت اور شدت کے ساتھ غلبہ اسلام اور تحریک آزادی کی جدوجہد کا آغاز کیا۔  1982میں سرینگرمیں بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔ اگرچہ بھارتی سرکار نے طاقت کے بل پر اس کانفرنس کو نہیں ہونے دیا اور شیخ تجمل الاسلام سمیت ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا تاہم  اس جراتمندانہ اقدام سے پوری ریاست میں نوجونوں میں ایک نیا ولولہ پیدا ہوا۔ 1974 اور 1984 کے درمیان کئی بار گرفتار کیے گئے بعد میں انہیں ہجرت کا سفر اختیار کرنا پڑا۔سید صلاح الدین نے کہا کہ ہجرت کے اس دور میں مرحوم نے تحریک آزادی کشمیر کا میڈیا محاذ سنبھالا اور الحمد للہ اس محاذ پر بھی اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔حزب سربراہ نے کہا کہ امام سید گیلانی کی شہادت اور ان کے جسد خاکی کے ساتھ بھارتی کم ظرف حکمرانوں کی توہین کے زخم ابھی تازہ ہی تھے کہ اس جدائی کا سامنا کرنا پڑا۔اللہ تعلی مرحوم شیخ تجمل اسلام کو جنت الفردوس میں اعلی ترین مقام پر فائز،لواحقین کو صبر جمیل اور مظلوم قوم کو آزادی کی نعمت نصیب فرمائے۔