دنیا تنازعہ کشمیر کے حل میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہے ، پروفیسر بٹ

سرینگر 05 مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہا ہے کہ عالمی برادری اب تنازعات خصوصا مسئلہ کشمیر کے حل میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پروفیسر عبدالغنی بٹ نے آج بڈگام میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں تمام ممالک کے امن اور باہمی مفاد کےلئے تنازعات کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر اس صورتحال میں کلیدی حیثیت کا حامل ہے جسے تمام فریقوںخصوصا کشمیریوںجنہوںنے اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیںکی رضامندی سے حل کیاجانا چاہیے ۔پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ایک نیک شگون ہے اور اس سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان محاذ آرائی کم ہو گی تاہم تمام تنازعات خصوصا مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے پائیدار مذاکراتی عمل کا آغاز وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان خاص طورپر وزیر اعظم خان کا خیرمقدم کیا جنہوںنے دنیا بھر میں تنازعہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے ۔