عالمی برادری اپنے خوابیدہ ضمیر کو جھنجھوڑ کر کشمیر میں جاری بھارتی جرائم کا نوٹس لے۔سید علی گیلانی بھارتی حکمران کشمیری عوام کو اپنے موقف سے ہٹنے یا مطالبہ آزادی سے دستبرداری کیلئے مجبور نہیں کرسکتے

سری نگر : قائد تحریک آزادی جموں و کشمیرسید علی گیلانی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی یہ اخلاقی ذمہ داری  ہے کہ وہ اپنے خوابیدہ ضمیر کو جھنجھوڑ کر کشمیر میں جاری بھارتی جرائم کا نوٹس لے ۔ کے پی آئی کے مطابق سید علی گیلانی نے ایک ٹویٹ میں بھارتی حکمرانوں کو انتباہ کیا ہے کہ کشمیر میں ان کے ان مذموم ہتھکنڈوں کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا۔ اگر بھارتی حکمران اس زعم میں ہیں کہ اس طرح کی مذموم حرکتوں سے وہ کشمیری عوام کو اپنے موقف سے ہٹنے یا اپنے مطالبہ آزادی  سے دستبردار ہونے کیلئے مجبور کرسکتے ہیں توہ وہ  جان لیں کہ ایں خیال است و محال است و جنوں۔سید علی گیلانی نے کہا کہ  عالم سلام کے ہر گوشے میں مقیم فرزندان توحید کو دل کی عمیق گہرائیوں سے ماہ رمضان کی مبارک باد اس گزارش کے ساتھ کہ رحمتوں اور برکتوں کے اس مہینے میں مظلوم ،ستم رسیدہ بہن بھائیوں کو بھی ضرور یاد رکھیں جو دنیا کے مختلف گوشوں میں اپنے حقوق کی بازیابی کیلئے غاصب قوتوں سے برسر پیکار ہیں۔سید علی گیلانی نے ایک بار پھر قوم سے اپیل کی ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری نسل کشی ، شعائراسلام کی بے حرمتی کے خلاف اور عالمی ضمیر کوجھنجھوڑنے کیلئے پوری وادی میں جمعہ کومکمل ہڑتال کی جائے اور نماز جمعہ کے بعد ہرضلعی صدر مقام پراحتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا جائے۔قائد تحریک آزادی جموں و کشمیرسید علی گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے شوپیاں، پلوامہ، اور بیجبہاڑہ علاقوں میں نام نہاد فوجی حصار کے دوران بارہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے ساتھ ساتھ مسجد اور قرآن مجید کی بے حرمتی کرکے ہندوستانی قابض فوج نے ایک بار پھر اپنی ذہنی پستی اور اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے  مذہبی جذبات کو مجروح کرنا اگرچہ فسطائیت کی علمبردار بھارت کی موجودہ حکمران جماعت کا محبوب مشغلہ رہا ہے۔   انہوں نے کہا کہ مذہب اور مذہبی مقامات پر اس طرح کے گستاخانہ حملوں کے انتہائی تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے اور یہی بات ہندوستانی حکمرانوں کے ساتھ ساتھ عالمی اداروں اور عالمی برادری کو سمجھانے کیلئے ہم کشمیری عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جمعہ (16 اپریل 2021 ) کو وادی بھر میں مکمل ہڑتال کرکے اپنا اجتماعی ردعمل اور احتجاج درج کرائیں ۔