کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے شہید شیخ عبدالعزیز کو انکے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

سرینگر10اگست()
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے ممتاز کشمیری رہنما شہید شیخ عبدالعزیز کو ان کے 15ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
۔شیخ عبدالعزیز کو بھارتی فوجیوں نے 11اگست 2008کو اس وقت گولی مار کر شہید کر دیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی اقتصادی ناکہ بندی کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند سینئر رہنما نعیم احمد خان نے تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں شیخ عبدالعزیز کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے عمر بھر بھارتی تسلط سے کشمیریوں کی آزادی کیلئے جدوجہد کی اور کشمیریوں کے اس عظیم مقصد کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ شہید رہنماء کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے گرانقدر خدمات اور قربانیوں کو طویل عرصے تک یاد رکھاجائیگا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے شہید قائد کی قربانیوں کواجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شیخ عبدالعزیز واقعی ایک دیانتدار لیڈرتھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کر رکھی تھی۔انہوں نے کہاکہ حریت رہنماء نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی اپنی طویل جدوجہد کے دوران آزمائشوں اور مشکلات کا خندہ پیشانی کے ساتھ سامناکیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنسیوں نے میر واعظ مولوی فاروق، خواجہ عبدالغنی لون، محمد اشرف صحرائی اور الطاف احمد شاہ سمیت ایک درجن سے زائدحریت رہنمائوں کو شہید کیااور ان بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد کشمیریوں کو خوفزدہ کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ شہید قائد کو تحریک آزادی میں ان کے لازوال کردار اور بے مثال خدمات پر کشمیر کی تاریخ میں طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء مولوی بشیر احمد نے سرینگر سینٹرل جیل سے جاری ایک پیغام میں شہید شیخ عزیز کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عزیز ایک دوراندیش سیاسی رہنما تھے جنہوں نے بھارتی فوجی طاقت کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے اپنے سینے پر گولیوں کا سامنا کیا۔ انہوں نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی بھی مذمت کی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں فریدہ بہن جی ، جنید الاسلام، پیر عطا اللہ، شاہچوہدری شاہین اقبال  اور دیگر رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ شیخ عزیز کی شہادت نے کشمیریوں کی اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی جاری تحریک میں ایک نئی پھونک دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہدا کی قربانیوں کوہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کواسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عزیز اور دیگر کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے ادھورے مشن کو جاری رکھا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیاجائے۔ انہوں نے شیخ عزیز کو ایک نڈر، بہادر اور مخلص رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شہادت کو ترجیح دی لیکن ظالم بھارت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی اور نعیم احمد خان سمیت سینکڑوں آزادی پسند رہنما بھارتی جیلوں میں مسلسل قید ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جیلوں میں ان رہنمائوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے اور عالمی برادری کو ان کی زندگیاں بچانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں بشمول جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین، سید یوسف نسیم، شیخ یعقوب، امتیاز وانی اور سید اعجاز رحمانی نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیان میں شیخ عبدالعزیز کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک پرعزم، پراعتماد اورثابت قدم رہنما تھے جو آخری سانس تک جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے مادروطن کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے تیار کرتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے شیخ عزیز کی گرانقدر خدمات کو تاریخ میں سنہری الفاظ سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور وہ بھارت سے جلد ہی آزادی حاصل کر لیں گے۔
پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی اور نائب چیئرمین عثمان علی ہاشم نے مظفر آباد میں جاری ایک بیان میں شیخ عبدالعزیز کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے ساری زندگی بھارتی فوجی تسلط اور غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت میں گزاری اور بالآخر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوںنے کہا کہ عبدالعزیز شیخ کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے انتھک جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز اور دیگر لاکھوں شہدا کر خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انکے مشن کو مقصد کے حصول کے حصول تک جاری رکھیں۔