مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک کشمیری عوام اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے،حریت کانفرنس بھار ت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیریوں کو اپنے ہی وطن سے بے دخل کرنا چاہتا ہے، دیویندر سنگھ

جموں : مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور سوشل پیس فورم کے چیئرمین دیویندر سنگھ بہل نے کہاہے کہ بھارت نے غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر پر قبضہ کررکھا ہے اور کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کیلئے پر امن جدوجہد کررہے ہیں ۔  کنٹرول لائن کے قریب ضلع راجوری کے علاقے نورین میں عوامی آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے    انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک کشمیری عوام اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوںنے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے بھائی چارے کو قائم رکھے اور اپنی زمین جائیداد کی حفاظت کریں کیونکہ نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی موجودہ حکومت کشمیریوں سے زمینیں ہتھیاکر غیر کشمیریوںوکو آباد کر رہی ہے تاکہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کیاجاسکے ۔ دیویندر سنگھ بہل نے کہا کہ 5اگست 2019کو بھارتی حکومت نے جموںو کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو مزید طول دینے کیلئے دفعہ 370 اور 35-A کو منسوخ کر دیا تھا تاکہ مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے یہاں غیر کشمیریوںکو آباد کیاجاسکے ۔انہوںنے کہا کہ دراصل بھارت کو کشمیری نہیںبلکہ جموںوکشمیرکی زمین چاہیے لہذا وہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیریوں کو اپنے ہی وطن سے بے دخل کرنا چاہتا ہے جس کی کشمیری عوام ہرگز اجازت نہیں دینگے۔ انہوںنے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن یقینی بنانے کیلئے تنازعہ کشمیرکو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر دیونیدر سنگھ بہل کے ہمراہ سوشل پیس فورم کے دیگر رہنما  جتندر سنگھ، کمال بھاگت، ارشاد چوہدری، محمد حسین، اوتار سنگھ، موہن چند، جس پریت سنگھ، رام لعل بھاگت، چوہدری نوردین، لکھ ویندرسنگھ اور دیگر بھی موجود تھے