
جنوبی ایشاء میں امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے،پروفیسر عبدالغنی بٹ
سرینگر : کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہا ہے کہ جبوبی ایشاء میں امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کو چاہے کو وہ کشمیر کے بنیادی مسئلے کو ایک دیر پا مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کریں۔ پروفیسر بٹ نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی سیاسی منظر نامے میں ملکوں کے درمیان معاشی مفادات اہمیت رکھتے ہیں اور ایسے وقت میں جب کورونا کی وبا نے ملکوں کو معاشی عدم استحکام سے دوچار کر دیا ہے یہ ناگزیر ہو چکا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی استحکام کے حصول کیلئے دیرینہ تنازعات خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے۔ پروفیسربٹ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشمیر ہی واحد بنیادی مسئلہ ہے جس پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادتوں کو چاہیے کہ وہ سیاسی دانشمندی اور پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تنازعات خاص طور پر تنازعہ جموںوکشمیر کو حل کریں۔