قومی ایئرلائن پی آئی اے نے برطانیہ کا متبادل آپریشن بحال کردیا

اسلام آباد :  قومی ایئرلائن پی آئی اے نے برطانیہ کا متبادل آپریشن بحال کردیا ، پہلی پرواز مانچسٹر سے اسلام آباد روانہ ہوگئی، قومی پرچم کے رنگوں میں ملبوس عملے نے مسافروں کو رخصت کیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے نے یورپی ایئرسیفٹی کی جانب سے پابندی کے باعث برطانیہ کیلئے متبادل فضائی آپریشن بحال کردیا، پی آئی اے کی پہلی پرواز مانچسٹر سے 265 مسافروں کولے کر اسلام آباد روانہ ہوگئی۔ قومی پرچم کے رنگوں میں ملبوس عملے نے مسافروں کو رخصت کیا۔ یاد رہے پی آئی اے نے 14اگست سے برطانیہ کے لئے متبادل انتظامات کے تحت فضائی آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا تھا ، ترجمان نے کہا تھا کہ متبادل آپریشن کے ذریعے مسافر براہِ راست پاکستان اور لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کا سفر کر سکیں گے۔ دوسری جانب پیرس کے لئے پی آئی اے کی دو خصوصی پروازوں کا شیڈول جاری کیا تھا ، 15 اگست کو پیرس سے اسلام آباد اور 16 اگست کو اسلام آباد سے پیرس پرواز روانہ ہو گی جبکہ پیرس سے اسلام آباد کی دوسری پرواز 29 اگست اور اسلام آباد سے پیرس 30 اگست کو روانہ ہو گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت یورپ اور برطانیہ کے لئے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کی مکمل بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، برطانیہ اور یورپ کے لئے پی آئی اے کا متبادل فضائی آپریشن بحالی کی طرف گامزن ہے۔