
خان سوپوری کی طرف سے شہید کشمیری نوجوان کو زبردست خراج عقیدت
سرینگر15 مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیرسینئر حریت رہنماءغلام محمد خان سوپوری نے راولپورہ شوپیان میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان جموںوکشمیر کے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کر رہے ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خان سوپوری نے بہرم پورہ رفیع آباد میں ایک تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری نوجوان ایک مقدس مقصد کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور ہم پر یہ اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان کے مقدس مشن کو ہر صورت میں جاری وساری رکھا جائے۔ انہوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے درجنوں افر۱د کو پیلٹ گنز اور گولیوں کے وحشیانہ استعمال سے زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اخلاقی طور جموںو کشمیر میں اپنی جنگ ہار چکا ہے اوراسلئے وہ کشمیریوںکو انتقام کانشانہ بنانے کیلئے ہر طریقے سے نقصان پہنچانا اپنا قومی فریضہ سمجھتا ہے۔ خان سوپوری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا ایک دیرینہ حل طلب تنازعہ ہے اور بھارت اس تنازعہ کوخود ہی اقوام متحدہ لے کر گیا تھا اور عالمی سطح پر کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیاتھا ۔تاہم انہوںنے کہاکہ بھارتی لیڈر اب اپنے وعدوں سے مکر گئے ہیں اور فوجی طاقت کے بل پر جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کشمیریوںکو اپنا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت مانگنے پر بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے اور بڑی تعداد میں سیاسی رہنماﺅںا ورکارکنوںکوغیر قانونی طورپر جیلوں میں نظربند کردیا ہے ۔