انگلش بلے باز زیک کراولی نے پاکستان کے خلاف 24 سال پرانی تاریخ دہرادی

والد جان کراولی کی طرح اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری پاکستان کیخلاف سکور کی

سائوتھمپٹن  انگلش بلے باز زیک کراولی نے پاکستان کے خلاف 24 سال پرانی تاریخ دہرادی ۔پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پہلے روز کے اختتام تک 4 وکٹ کے نقصان پر 332 رنز بنالیے۔ بائیو سکیور ماحول میں کھیلی جانے والی سیریز کا تیسرا معرکہ ساوتھمپٹن میں کھیلا جارہا ہے۔ انگلش ٹیم کے کپتان جوروٹ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔شاہین شاہ آفریدی نے پانچویں میں ہی رورے برنز کو پویلین بھیج کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی، وہ صرف 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، دوسری کامیابی یاسر شاہ کے حصے میں آئی جب 18 ویں اوور میں ڈوم سیبلی 22 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ٹیم کے 114 رنز پر تیسری وکٹ جوئے روٹ کی گری جو نسیم شاہ کی گیند پر 29 کے سکور پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔
چوتھے نمبر پر اولے پوپ آؤٹ ہوئے جو محض تین رنز پر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ انگلش کھلاڑی زیک کرالے اپنی ٹیم کے لیے مسیحا بن کر آئے اور انہوں ںے 269 گیندوں پر ناقابل شکست 171 رنز سکور کیے۔ یہ ان کے کیرئیر کی پہلی سنچری ہے ، زیک کراولی کے والد جان کراولی نے بھی اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اگست 1996ء میں پاکستان کے خلاف اوول ٹیسٹ میں سکور کی تھی ، زیک کراولی کے ساتھ جوز بٹلر نے بھی 148 گیندوں پر 87 رنز سکور کیے۔دونوں کھلاڑی تاحال کریز پر موجود ہیں۔ بالنگ سائیڈ میں یاسر شاہ نے دو جب کہ نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور بارش کی نذر ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی ٹیم برقرار رکھی گئی ہے جب کہ انگلینڈ نے صرف ایک تبدیلی کرتے ہوئے سام کیورن کی جگہ جوفرا آرچر کو واپس ٹیم میں شامل کیا ہے۔ واضح رہے مانچسٹر ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے غیر متوقع فتح حاصل کی جب کہ ساؤتھمپٹن ٹیسٹ بارش اور خراب موسم کی نذر ہوگیا تھا۔