حریت رہنماءکی طرف سے بی جے پی کے آلہ کار کے گستاخانہ اقدام کی شدید مذمت

جموں15 مارچ :  بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماءاور جموں وکشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین دیویندر سنگھ بہل نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت ہندو انتہا پسند تنظیموںبی جے پی اور آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر اقلیتوںکولڑانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دیویندر سنگھ بہل نے جموںکے علاقے نوشہرہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اپنے ایک آلہ کار اور اتر پردیش کے شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کو استعمال کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی افسوسناک کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے خلاف بات کرنے پر کوئی بھی شخص برداشت نہیں کرے گا یہی بھارتی حکومت کا وطیرہ ہے کہ وہ مسلمانوں میں پھوٹ ڈالنے کیلئے مذہب کارڈ استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور آر ایس ایس نے وسیم رضوی کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسلام دشمنی کیلئے استعمال کیا جس کی وجہ سے مقبوضہ جموںو کشمیر کے طو ل و عرض میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جموں و کشمیر میںہمیشہ تمام مذاہب بشمول ہندو ،مسلمانوں ،سکھوں اورعیسائیوںکے درمیان بھائی چارہ رہا ہے ۔ دیویندر سنگھ نے کہا کہ کشمیری بھارت سے مذہب کے نام پر نہیں بلکہ اپنے حق خودارادیت کیلئے لڑ رہے ہیں ۔ حریت رہنما نے کہا کہ ہم وسیم رضوی کے اس گستاخانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پرکہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھےں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔