بھارت علاقائی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ بن چکا ہے، فیض نقشبندی

اسلام آباد  میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے کہا ہے کہ بھارت علاقائی امن اور سلامتی کے لئے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں جبری گرفتاریاں ، گمشدگیاں اور جعلی مقابلے روز کا معمول بن چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق 5 اگست2019ء سے غیر قانونی طور پر نظربندہیں جب بھارت نے دفعہ 370 اور35-Aکو منسوخ کردیا اور مقبوضہ جموں و کشمیرکا فوجی محاصرہ کرکے تمام مواصلاتی رابطے منقطع کردیئے۔ انہوںنے کہاکہ اس یکطرفہ کارروائی کے بعد علاقے میں اضافی بھارتی فوجیوں کو تعینات کیا گیا۔

میرواعظ عمر فاروق کو بحیثیت میر واعظ کشمیر اپنی مذہبی ذمہ داری ادا کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔

فیض نقشبندی نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر آج بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیںعملدرآمدکی منتظر ہیں۔ انہوںنے علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو فوری طورپر روکنے اور عالمی ادارے کی قرار دادوں پر عملدرآمد کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔