
بھارت نے فوج کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔خواجہ فردوس بھارتی قابض فوجی آئے روز بے گناہ کشمیری نوجوانوں کوقتل اورگرفتارکررہے ہیں
سری نگر : جموںو کشمیر ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں اپنے فوجیوں کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اوروہ آئے روز بے گناہ کشمیری نوجوانوں کوقتل اورگرفتارکررہے ہیں۔ ایک بیان میں خواجہ فردوس نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت ان اوچھے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت نے کنٹرول لائن پر پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کی جو ایک اچھی پیشرفت ہے لیکن دوسری جانب مقبوضہ علاقے میں اپنی ظالمانہ کارروائیوں میں تیزی لائی ہے ۔حریت رہنما نے کہا کہ جموںوکشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے جس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے اس لئے کشمیری عوام اپنے حق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے گزشتہ سات دہائیوں میں یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان خطے کو پرامن بنانے کیلئے اس دیرینہ مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنا چاہتاہے۔حریت رہنما نے کہا کہ ماضی میں بھی بھارتی حکومتوں نے مذاکرات کو وقت گزاری کیلئے استعمال کیا اور آج بھی وہ اسی عمل پر قائم ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا ،جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ حریت رہنما نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی ایشیا کو پرامن بنانے کیلئے دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔دریں اثنا حریت رہنما نے شوپیاں میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔