بے جی پی حکومت بے رحمی سے کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہی ہے ، ہر ش دیو سنگھ

جموں 07مارچ () غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سابق وزیر اور نیشنل پینتھرز پارٹی کے سینئر رہنما ہرش دیو سنگھ نے کشمیریوں کے حقوق کو بے رحمی سے پامال کرنے پربھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری عوام دلوں میں بھارت سے دوریاں بڑھ رہی ہیں۔
ہرش دیو سنگھ نے ضلع ادھمپور کے علاقے چنانی کے گائوں پکھلائی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے دفعہ 370کی اچانک منسوخی سے کشمیری پریشان ہیں اور انہوں نے 200سال پرانے اپنی اس تاریخی حیثیت کی منسوخی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف کشمیری عوام کے حوصلے پست ہوئے ہیں بلکہ عام لوگوں میں بڑی حد تک مایوسی پھیلی ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کے اس اقدام کو درحقیقت ہر باشعور شہری نے اپنی بے عزتی تصور کیا ہے ۔ہرش دیو سنگھ نے مزید کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی اور جموں وکشمیر کو یونین ٹیریٹری میں تقسیم کرنے کے مودی حکومت کے اقدام سے کشمیری عوام کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے اوراب وہ خود کو کمتر محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی ریاستی شناخت کی جلد بحالی اور ایک منتخب حکومت کی قیام مطالبہ کرتے ہوئے بھارتی صدر پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کو آمریت سے بچانے کے لیے ذاتی طور پر مداخلت کریں۔