آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مانو سواہنے بدعنوانی کے الزامات پرگرفت میں آگئے

مانو سواہنے کا ایونٹس کی میزبانی کے معاملات پر اثرانداز ہونے کا انکشاف، ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں رخصت پر بھیج دیا گیا

دبئی  : آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مانو سواہنے بدعنوانی کے الزامات پر پکڑ میں آگئے ہیں ۔ بھارتی ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہیڈ کوارٹر میں تعینات ماہنو سواہنے کی مشکوک سرگرمیوں کی تحقیقات کے لیے برطانیہ کی ایک کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی تھیں جس نے مختلف ملازمین اور متعلقہ شخصیت کے انٹرویو کئے۔ابتدائی تحقیقات میں 56 سالہ مانو سواہنے پر آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے معاملات پر اثر انداز ہونے، آئی سی سی میڈیا رائٹس کے معاملے میں مداخلت، ساتھی ملازمین کو ہراساں کرنے سمیت مختلف الزامات سامنے آئے ہیں، فی الحال انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سی ای او کو رخصت پر بھیجا آگیا ہے جب کہ اس کے بارے میں مزید انکشافات سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی بورڈ آف ڈائریکٹر ایک ایسا فارمولا بنانے کی کوشش کر رہا ہے جس کے تحت ماہنو سواہنے اپنا استعفی دے کر وقار کے ساتھ اس عہدے سے سبکدوش ہوجائیں۔ ماہنو سواہنے سنگاپور سپورٹس حب کے سابق سی ای او ہیں اور انہوں نے 17 سال ای ایس پی این سٹار سپورٹس کے منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں ۔ وہ مانچسٹر یونائیٹڈ لمیٹڈ کے ایک نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور آڈٹ کمیٹی کے ممبر بھی ہیں۔